اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹرندیم جان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کہ امریکی سفیر نے صحت کے شعبے میں اپنے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جس میں غذائیت، زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت، متعدی امراض پر قابو پانے اور خاندانی منصوبہ بندی شامل ہیں۔
وفاقی وزیر صحت ندیم جان نے صحت کے شعبے میں امریکا کے تعاون پران سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ تعاون مضبوط، بلا تعطل اور بامقصد ہے۔انہوں نے یو ایس ایڈ اورسنٹر فار ڈیزیزاینڈ پریوینشن(سی ڈی سی) کی پاکستان میں صحت کے شعبہ کے لئے مسلسل حمایت کا بھی خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر نے صحت کے شعبے میں اپنے عزم کا اعادہ کیا جس میں غذائیت، زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت، متعدی امراض پر قابو پانے اور خاندانی منصوبہ بندی شامل ہیں۔امریکی سفیر کو صوبوں میں فراہم کردہ موبائل لیبز پر بریفنگ دی گئی جن کا وبائی امراض پر قابو پانے میں انتہائی اہم کردار ہے۔