لاڑکانہ۔27اکتوبر (اے پی پی):اکتوبر یوم سیاہ پورے ملک کی طرح کندھ کوٹ میں بھی کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کیلئے جوش و جذبے سے منایا گیا، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کشمور امیر فضل اویسی کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالمجید زہرانی کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر آفس سے سول ہسپتال تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں شریک شہریوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے
کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد اور بھارت کے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف نعرے لگائے ،پاکستان اور کشمیر کا پرچم بھی لہرایا گیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اور اسسٹنٹ کمشنر کندھ کوٹ کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیریوں پر ناجائز قبضہ کیا جس کی ہم آج بھی مذمت کرتے ہیں۔
اس لیے یہ دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ہم پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،جسے حاصل کر کے رہیں گے، ہم کشمیر بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔اس موقع پر دیگر شرکاءنے اپنے خطاب میں کہا کہ ریلی میں شریک لوگوں نے یکجہتی کر کے ثابت کردیا کہ ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ کی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے، بھارت نے کشمیری عوام اور کشمیر پر ظلم کی انتہا کر دی ہے ،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
شرکاءنے مزید کہا کہ ہم پوری قوم بھارت کو اس ناپاک ارادوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ریلی میں بڑی تعداد میں شہریوں ، سیاسی و سماجی ضلعی سربراہان، پولیس، صحافی برادران اور سرکاری اور نجی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔