پنجاب میں سموگ کے سدباب کیلئے ’’سموگ رولز 2023‘‘ لاگو ہو چکے ، نگران صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل

148
نگران صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل

لاہور۔28اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا دوسرا اہم اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا جس میں نگران صوبائی وزرا بیرسٹر اظفر علی ناصر، منصور قادر ، کنور دلشاد سمیت محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دو ایجنڈا آئٹمز اور ایک ایکس ایجنڈا آئٹم کا جائزہ لیا گیا۔پہلے ایجنڈا کے تحت سموگ کے تدارک کی مہم کیلئے مزید فنڈز دینے کی منظوری دی گئی

،دوسرے ایجنڈا آئٹم میں انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور انٹرنیشنل سنٹر آف کلائمیٹ چینج ٹیکنالوجیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری کو موخر کر دیا گیا اور اس پر مزید سٹڈی و قانونی پہلوئوں کو زیر غور لانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ اجلاس میں ایکسں ایجنڈا کے تحت ائیر کوالٹی انڈکس کی مانیٹرنگ کیلئے ورلڈ بنک کی جانب سے نصب کئے گئے 10کم قیمت سنسرز کو دوبارہ فعال کرنے کیلئے سالانہ بنیادوں پر فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ نگران صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل نے کہا کہ پنجاب میں سموگ کی موجودہ صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ پر کنٹرول پانے کیلئے فوری و موثراقدامات اٹھائے گئے ہیں، پنجاب میں سموگ کے سدباب کے لئے”سموگ رولز 2023″لاگو ہو چکے ہیں۔ بلال افضل نے سموگ کے تدارک کیلئے ماحولیات،ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو مل کر ایک جیسی میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں ڈی جی ماحولیات ظہیر احمد ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے زگ زیگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھٹہ خشت ،فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے والوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی گئی ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے

،کسی انڈسٹریل یونٹ،سٹیل مل اور فرنسس کو سموگ کنٹرول سسٹم(سکربر)کے بغیر آپریٹ نہیں کرنے دیا جا رہا۔ظہیر ملک نے کہا کہ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے آلودگی کا باعث بننے والے یونٹس کی مانیٹرنگ اور نگرانی کیلئے ایک ویب ایپ بنائی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے انڈسٹریل یونٹس میں زہریلی گیسوں کے اخراج کو کنٹرول کرنے کے سسٹم کی تنصیب کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے ۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے جس کے انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری سے یکم اگست تک ایک لاکھ 69ہزار 474گاڑیوں کو چیک کیا گیا ،4ماہ کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو ایک کروڑ 80لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا۔