کوئٹہ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو دی گئی ڈیڈ لائن پوری ہونے میں صرف تین دن باقی ہیں۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کیلئے بنائے گئے اسپیشل ہولڈنگ سینٹرز میں تمام تر انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔ اسپیشل ہولڈنگ سینٹرز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ پینے کا پانی، اشیاء خوردونوش و دیگر ضروری انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کے ریاستی فیصلے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ڈیڈ لائن میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ حتمی ڈیڈ لائن پوری ہونے کے بعد تمام تر متعلقہ ادارے غیر قانونی تارکین کو نکالنے پر اپنا کردار ادا کریں گے۔ مختلف ممالک کے غیر قانونی افراد کو ہر صورت پاکستان سے نکلنا ہو گا۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان نے مذید کہا کہ ڈیڈ لائن پوری ہونے کے بعد ان کی پراپرٹی ضبط کی جائے گی۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کو رہائش کرائے پے دینے والے افراد کو بھی احکامات دیئے گئی ہیں
کہ اپنی جگہ جلد از جلد خالی کروا لیں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیر قانونی طور پر اور جعلی شناختی کارڈز بنانے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں میں ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔ غیر قانونی اقدامات کرنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔