اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):میئر آف لندن بارو ہنسلو افضال کیانی نے کہا ہے کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، جو بھی حکومت یا سیاسی جماعت ملک کی بہتری کیلئے کام کرے گی اس کا ساتھ دینگے، بیرون ملک جا کر پاکستان سے محبت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، پاکستانیوں نے بیرون ممالک جا کر اپنی شبانہ روز محنت سے تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے
، سابق میئر لندن آف بارو ہنسلو سمیعہ چوہدری، بیرسٹر ریاض گل اور ڈاکٹر امجد کے ہمراہ بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پروگرام "میٹ دی پریس ” میں اظہار خیال کرتے ہوئے میئر آف لندن آف بارو ہنسلو افضال کیانی نے کہا کہ ان کی پیدائش راولپنڈی میں ہوئی پھر برطانیہ چلا گیا، جہاں جا کر انتھک محنت کرکے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور میئر آف لندن بارو ہنسلو منتخب ہوا۔
انھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں انصاف اور قانون کا احترام کیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہاں میرٹ پر عام بندہ بھی کسی بھی اعلیٰ عہدے پر پہنچ جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے ہم وطنوں کے مسائل کے حل کیلئے پاکستانی ہائی کمشنر سے رابطے میں رہتے ہیں،برطانیہ میں سوشل ویلفیئر کے کافی ادارے کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہاں نوجوانوں کو مصروف رکھنے میں کافی تیزی آ گئی ہے۔ فلسطین میں بے گناہ لوگوں کی ہلاکتوں پر انتہائی افسو س ہے۔
پاکستانی میڈیا ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے، اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ہرممکن تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت یا سیاسی جماعت ملک کی بہتری کیلئے کام کرے گی اس کا ساتھ دیں گے۔اس موقع پر لندن کی سابق میئر سمیعہ چوہدری نے کہا کہ افضل کیانی تیسرے پاکستانی نژاد برطانوی مسلمان میئر ہیں،
اس وقت 20 پاکستانی کونسلرز اپنے کمیونٹی کی خدمت میں مصروف ہیں۔ بیرسٹر ریاض گل کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک میں تمام شہریوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آتے ہیں ۔