اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں شروع ہو گئی ہے۔ اس موقع پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ کے علاوہ مختلف ملکوں کے سفارت کاروں اور شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
چیمپئن شپ میں 23 ملکوں کے 450 سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان سمیت، افغانستان، بحرین، برازیل، مصر، جرمنی، برطانیہ، انڈونیشیا، ایران، عراق، اردن، تاجکستان، کویت، نیپال، نیدرلینڈز، عمان، کوریا، سعودی عرب، سربیا، ترکی، متحدہ عرب امارات اور ازبکستان شامل ہیں۔ یہ چیمپئن شپ 4 نومبر تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔