ہری پور۔ 2 نومبر (اے پی پی):ریسکیو 1122 ہری پور نے اکتوبر کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ،ماہ کے دوران 226 مختلف نوعیت کی ایمرجنسی صورتحال میں بروقت رسپانس کرتے ہوئے عوام کو سہولیات فراہم کی گئیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر تنویر احمد نے بتایا کہ ریسکیو 1122 ہری پور کے کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 17170 کالز موصول ہوئیں جن میں 10645 غیر ضروری اور جعلی کالز تھیں۔
ریسکیو 1122 نے اکتوبر میں 141 میڈیکل، 64 روڈ ٹریفک، 13 آگ لگنے ، 4 لڑائی جھگڑے، ایک ڈوبنے اور تین متفرق قسم کے واقعات میں مریضوں اور زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا، واقعات میں مجموعی طور پر 244 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 4 انتقال کر گئے۔ ریسکیو نے ہسپتال سے ہسپتال منتقلی سروس کے تحت 75 ایمرجنسی حالات میں خدمات سرانجام دیں جن میں سے 28 ضلع کے اندر اور 47 ضلع سے باہر منتقلی کی ایمرجنسیاں شامل ہیں۔
تنویر احمد نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی خدمات کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا اور ضلع ہری پور کی عوام کو تمام ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ایمرجنسی کے دوران ریسکیو 1122 کا ساتھ دیں، جعلی اور غیر ضروری کالز سے پرہیز کیا جائے۔