ریسکیو1122 شیخوپورہ نے اکتوبر کے دوران 5180 ایمرجنسی کالز پر 5233 افراد کو ریسکیو کیا

181
Rescue 1122
Rescue 1122

شیخوپورہ۔ 03 نومبر (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ریسکیو 1122 شیخوپورہ کے جائزہ اجلاس میں ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی، اکتوبر 2023 ء کے دوران ضلع بھرمیں 5180 ایمرجنسی کالز میں 5233 افراد کو ریسکیو کیاگیا۔ ریسکیو1122 شیخوپورہ کو یکم اکتوبر 2023سے 31 اکتوبر 2023 تک مجموعی طور پر 21058 فون کالز موصول ہوئیں جن میں سے5180 ایمرجنسی کالز تھیں۔

ان میں 1423 روڑ ٹریفک ایکسیڈنٹس، 3005 میڈیکل ایمرجنسیز،61 آگ لگنے کے واقعات، 159 کرائم کیس، 4 ڈوبنے کے واقعات اور 519 متفرق ایمرجنسیزتھیں، ان تمام ایمرجنسیزمیں 8.08 منٹ اوسطاَریسپانس ٹائم برقرار رہا۔ ریسکیو1122 شیخوپورہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طورپر 5233 لوگوں کو ریسکیو کیاجن میں 1555 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ3538 افراد کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا اور 140 افراد ایسے بھی تھے جو موقع پر ہلاک ہوئے۔

علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت 714 افراد کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کے لیے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا اعجاز احمد نے کہا کہ موسم سرما کے ساتھ ساتھ دھند بھی شروع ہو گئی ہے ، دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے ، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور سست رفتار گاڑیاں لائٹ یا ریفلیکٹر کا استعمال لازمی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگز ریگولیشن 2022 ء پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے بلند و بالا عمارتوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں تاکہ وہ مقررہ وقت میں بلڈنگ ریگولیشنز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔