آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائر، نیپال نے یو اے ای کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

214
ICC
ICC

ملپانی۔3نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائر فائنل کے دوسرے سیمی فائنل میں نیپال نے یونائیٹڈ عرب امارات کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، نیپال نے 135 رنز کا آسان ہدف 17.1 اوورز میں حاصل کرلیا، آصف شیخ نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایونٹ کا فائنل مقابلہ اتوار کو نیپال اور اومان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

جمعہ کو ملپانی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ایشیا کوالفائر کے دوسرے سیمی فائنل میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، وریتیا اراوند نے 51 بالوں پر 64 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا، کپتان محمد وسیم 26، آصف خان 13 اور علیشان شرافو 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

نیپال کے بائولر کوشال مالا نے 11 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، سندیپ لامیچانے 2 ، سومپال کامی اور روہت پاوڈل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیپال کے یو اے ای کا 135رنز کا آسان ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 17.1 اوور میں حاصل کرلیا۔ اوپننگ بلے باز آصف شیخ نے 51 بالوں پر 64 رنز اور کپتان روہت نے 20 بالوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

یو اے ای کی طرف سے نیلانش کیسوانی اور باسل حمید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایشین کوالیفائر کا فائنل مقابلہ 5 نومبر اتوار کو نیپال اور اومان کے درمیان کھیلا جائے گا۔