ورلڈکپ،پاکستان نے نیوزی لینڈ کوڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 21رنز سے ہرا دیا،فخرزمان کی طوفانی سنچری،پلیئر آف دی میچ قرار

146
ورلڈکپ،پاکستان نے نیوزی لینڈ کوڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 21رنز سے ہرا دیا،فخرزمان کی طوفانی سنچری،پلیئر آف دی میچ قرار

بنگلورو۔4نومبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اہم میچ میں زبردست مقابلے کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت21 رنز سے شکست دے کر چوتھی کامیابی حاصل کر لی، نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنا لئے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت گرین شرٹس کو21 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا،

فخر زمان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف بائولرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 81 گیندوں پر 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، کپتان بابراعظم 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، راچن روندرا کی 108 اور ولیمسن کی 95 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں، فخرزمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ہفتہ کو بنگلورو میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 35 ویں میچ میں پاکستانی قائد بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کیویز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے،

راچن روندرا نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 108 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے، وہ محمدوسیم کی گیند پر سعودشکیل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، کین ولیمسن نے بھی عمدہ بلے بازی کی اور 95 رنز بنانے کے بعد افتخاراحمد کی گیند کا نشانہ بنے، گلین فلپس 41، ڈیوون کونوے 35، ڈیرل مچل 29، مارک چپمین 39 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مچل سینٹنر 26 اور ٹام لیتھم 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،

محمدوسیم نے 3 جبکہ حارث رئوف، حسن علی اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو 6 کے سکور پر اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب عبداللہ شفیق 4 رنز بنا کر ٹم سائوتھی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے،

اس موقع پر فخر زمان اور کپتان بابراعظم نے میدان سنبھالا، دونوں بیٹرز نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، گرین شرٹس نے 21.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے میچ روک دیا گیا، بارش جب تھمی تو پاکستان کو فتح کیلئے ڈک ورتھ لوئس متھڈ کے تحت 41 اوورز میں 342 رنز کا ہدف ملا،

فخرزمان اور بابراعظم نے دلیرانہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھا اور 25.3 اوورز میں ایک وکٹ پر 200 رنز بنائے تھے کہ بارش دوبارہ شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش نہ رکی تو میچ کو ختم کر دیا گیا، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستانی ٹیم رن ریٹ کے حساب سے 21 رنز سے آگے تھی جس کی وجہ سے اسے فاتح قرار دیا گیا، کیویز نے پہلے کھیلتے ہوئے 25.3 اوورز میں ایک وکٹ پر 179 رنز بنا رکھے تھے،

فخرزمان نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، بابراعظم نے بھی فخرزمان کا بھرپور ساتھ دیا اور 66 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،

دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 194ناقابل شکست رنز جوڑ کر کیویز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ٹم سائوتھی نے ایک وکٹ لی۔ یہ پاکستان کی میگا ایونٹ میں چوتھی کامیابی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گیا ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھی شکست کے باوجود بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔