نئی دہلی۔6نومبر (اے پی پی):سری لنکا کے تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز بین الاقوامی کرکٹ میں ٹائم آئوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
پیر کو دہلی میں ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف سری لنکا کی135 کے مجموعی سکور پر چوتھی وکٹ گری تو اینجیلو میتھیوز میدان میں اترے تاہم اس دوران ان کے ہیلمٹ کا بیلٹ ٹوٹ گیا جس پر انہوں نے ہیلمٹ تبدیل کرنے کے لئے کہا،
انٹرنیشنل کرکٹ کے قانون کے مطابق نئے آنے والے بیٹر کو2 منٹ کے اندر بیٹنگ شروع کرنا ہوتی ہے تاہم ٹیم کے بارہویں کھلاڑی کی جانب سے ہیلمٹ لانے میں تاخیر کے باعث امپائر نے بغیر کوئی گیند کھیلے میتھیوز کو آئوٹ قرار دے دیا۔
کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی بیٹر کو مخالف ٹیم کی اپیل پر ٹائم آئوٹ قرار دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر میتھیوز کو لگا کہ امپائر مذاق کر رہا ہے لیکن جلد ہی امپائر ایراسمس نے بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن اور سکوائر لیگ امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ دونوں کے ساتھ طویل بحث کے بعد انہیں آئوٹ قرار دیا۔