اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے آذربائیجان کے ”یوم فتح“ پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان کنیکٹیویٹی پراجیکٹس کے لئے ایک مرکز کے طور پر ابھرا ہے، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی متحرک قیادت نے جمہوریہ آذربائیجان کو اقتصادی حب میں تبدیل کیا،
آذربائیجان نے توانائی کے بڑے منصوبوں کا آغاز کیا، گزشتہ برس پاکستان سے 50 ہزار سے زائد افراد نے آذربائیجان کے سیاحتی دورے کئے، آذربائیجان کی قومی ایئر لائن AZAL کے پاکستان کیلئے فضائی آپریشنز کا آغاز خوش آئند ہے، اس سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں آذربائیجان کے ”یوم فتح“ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی دن آذربائیجان 30 برس تک زیر قبضہ رہنے والے اپنے علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی متحرک قیادت نے جمہوریہ آذربائیجان کو علاقائی اقتصادی حب میں تبدیل کیا اور حال ہی میں آزاد ہونے والے اپنے علاقوں کی ترقی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے اپنے ان علاقوں میں فضائی اڈے، جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا اور شہروں اور دیہات کو بحال کیا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات حالیہ برسوں میں بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون اور عوام سے عوام کے رابطوں کے ذریعے مزید گہرے اور وسیع ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران تجارت میں اضافہ ہوا ہے اور مستقبل قریب میں دوطرفہ تجارت میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کنیکٹیویٹی پراجیکٹس کے لئے ایک مرکز کے طور پر ابھرا ہے جو شمال جنوب اور مشرقی و مغربی ٹرانسپورٹ کوریڈورز کا مرکزی حصہ ہے جس میں ٹرانس کیسپین انٹرنیشنل روٹ اور باکو۔تبلیسی۔قارس ریلوے کمیونیکیشن سسٹم شامل ہیں۔ یہ کنیکٹیویٹی کے جامع کوریڈورز ہیں جو پورے خطے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ آذربائیجان نے توانائی کے بڑے منصوبوں کا آغاز کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان کی قومی ایئر لائن AZAL نے دونوں ممالک کے درمیان اپنے آپریشنز کا آغاز کیا جو خوش آئند ہے، یہ فضائی سفری سہولت ہمارے لوگوں کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 2022 میں پاکستان سے 50 ہزار سے زائد سیاحوں نے آذربائیجان کے سیاحتی دورے کئے جو نہ صرف اقتصادی شعبہ بلکہ عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کا باعث بنے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔