شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146واں یوم پیدائش قومی جذبہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے

731

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):ملک بھر میں مفکر پاکستان شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146واں یوم پیدائش جوش و خروش ، عقیدت و احترام اور قومی جذبہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔شاعر مشرق علامہ اقبال کی یوم ولادت کے موقع پر ملک میں عام تعطیل کے باوجود مختلف تنظیموں کی جانب سے سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ سیمینارز میں مقررین علامہ اقبال کی زندگی پر مختلف پہلوئوں کو اجاگر کریں گے۔

شاعر مشرق کی تحریک پاکستان کیلئے جدوجہد کو اچھے انداز میں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے یوم اقبال کی مناسبت سے 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی اور 1905 میں برطانیہ چلےگئے اور پھر وکالت کی تعلیم لینا شروع کردی ۔ وکالت کرنے کے بعد اپ جرمنی چلے گئے جہاں انھوں نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے سیاسی طور پر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا،1934 کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ قیام پاکستان سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پا گئے۔