بلوچستان کی خواتین کو جائیداد میں حق کے حوالے قانون سازی جلد ہوگی،خلیل جارج

99
نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج
نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے خواتین کا کردار ناگزیر ہے۔بلوچستان کی خواتین کو جائیداد میں حق کے حوالے قانون سازی جلد ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام خواتین پر گھریلو تشدد کے حوالے سے بلوچستان کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمعہ کو وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق  نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ ہمارا وقت بہت کم  ہے تاہم  میری پوری کوشش ہے کہ ان لوگوں تک پہنچیں  جن پر واقعی ظلم ہورہا ہے۔ ہم ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

انھوں نے خواتین  کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، مدر ٹریسا اور رتھ پاؤ خواتین ہونے کے باوجود ہمارے معاشرے کیلئے بہترین مثالیں ہیں۔ خواتین معاشرے میں کسی بھی کسی بھی مقام تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اگر میں  کچھ ہوں  تو یہ میری ماں کی دعائوں اور بیوی سے مشاورت کا نتیجہ ہے۔چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار وومن رائٹس بلوچستان فوزیہ وقار نے کہا کہ خواتین کے حوالے سے بل اگلے الیکشن کے بعد جلد ہی پارلیمنٹ سے پاس ہوگا۔

تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے دیگر  مقررین نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں قوانین تو بہت بنتے رہتے ہیں لیکن قانون کا اطلاق بالکل نہیں ہے۔ آخر میں شرکاء نے نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں اس سال گھریلو تشدد کی مہم کا آغاز بلوچستان سے کیا۔ تقریب میں بلوچستان کے افسران، سول سوسائٹی ممبرز، اقلیتی برادری اور علاقے کے لوگوں کی ایک کثیر تعداد  نے شرکت کی۔