ڈیرہ اسماعیل خان۔ 14 نومبر (اے پی پی):وفاقی حکومت اور وزارت توانائی کی ہدایات کی روشنی میں کنڈا مافیا اور پیسکو بقایاجات وصولی کے حوالے سے چیئرمین بی او ڈی پیسکو ڈیرہ پیر ثمر شاہ نے سپرٹینڈنگ انجینئر پیسکو ڈیرہ سرکل انجینئر سردار اسلم خان گنڈہ پور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ہے ، ملاقات کے دوران کنڈا مافیا کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں اور پیسکو بقایاجات کی وصولی کے حوالے سے جاری مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر نے اطمینان کا اظہار کیااور کہاکہ پیسکو صارفین کے ناجائز بل ختم کرکے پیسکو کے اصل بڑے ڈیفالٹرز سے ریکوری کی جائے اور ریکوری جمع نہ کرنے اور کنڈا مافیا کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے کارروائیاں کرکے ان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،
اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر پیسکو ڈیرہ سرکل نے بتایاکہ7ستمبر2023سے شروع ہونیوالی مہم کے دوران اب تک 853بجلی چوروں کیخلاف ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مقدمات درج کئے گئے ہیں ، جن میں سے 538بجلی چور گرفتار ہو چکے ہیں ، جن پر 3کروڑ87لاکھ 46ہزار 339روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں ، جبکہ اب تک 26لاکھ 2ہزار 507روپے وصول کرلئے گئے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ پیسکو کے ڈیفالٹرز سے اب تک 61کروڑ 71لاکھ 27ہزار 542روپے وصول کئے جاچکے ہیں ، انجینئر سردار اسلم خان گنڈہ پور نے بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے 4فیڈرز سٹی ون فیڈر، ٹائون ہال فیڈر، توپانوالہ فیڈراور صدر فیڈر کو پہلے مرحلے میں لوڈشیڈنگ فری بنانے کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،
اس حوالے سے ان چاروں فیڈرز میں پہلے مکمل طورپر کومبنگ ، کنڈے اور ٹمپرڈ میٹر ہٹا کر بقایاجات کی وصولی کرنے کے بعد دونوں متعلقہ ایکسینز کی طرف سے تصدیقی سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد ان چاروں فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری کر دیا جائیگا، 80فیصد سے زائد لاسز والے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے 11فیڈرز کو بھی بندکیا گیا ہے، چیئرمین بی او ڈی پیسکو ڈیرہ پیر ثمر شاہ اور سپرٹینڈنگ انجینئر پیسکو ڈیرہ سرکل انجینئر سردار اسلم خان گنڈہ پور نے کنڈا مافیا کیخلاف کاروائیوں اور پیسکو بقایاجات کی وصولی مہم میں تعاون کرنے پر کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمود ستی کا بھی شکریہ ادا کیا ۔\378