سکیورٹی فورسز کا بڈھ بیر میں آپریشن، انتہائی مطلوب 4دہشت گردمارے گئے،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا،آئی ایس پی آر

172
ISPR
ISPR

راولپنڈی ۔16نومبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کے بڈھ بیر میں آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب 4 دہشت گرد مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 16 نومبر 23 کو سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سمیع اللہ عرف شینائے، دہشت گرد کمانڈر سلمان احمد، عمران عرف محمد اور دہشت گرد حضرت عمر عرف خالد جہنم واصل ہوگئے ۔ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

ایک اور آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد لانس نائیک محمد اعجاز خان (عمر: 34 سال، رہائشی: باغ، آزاد کشمیر) شہید ہوگیا ۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو بے اثر کرنے کے لیے آس پاس کے علاقوں میں کلیئر نس آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔