جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ ناک آئوٹ مرحلے میں ایک بار پھر بدقسمت رہی

211
جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ ناک آئوٹ مرحلے میں ایک بار پھر بدقسمت رہی

کولکتہ۔16نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ ناک آئوٹ مرحلے میں ایک بار پھر بدقسمت رہی اور پانچ مرتبہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیم ایک مرتبہ بھی فائنل کے لئے کوالیفائی نہ کر سکی۔ جمعرات کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023ء کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں دلچسپ مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقی ٹیم مجموعی طور پر پانچ مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچی جس میں سے اسے 4 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 1999ء ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ ٹائی ہوگیا اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے آسٹریلیا نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

پروٹیز پہلی مرتبہ 1992ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں مدمقابل آئے تاہم اس میچ میں 19 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا، دوسری مرتبہ 1999ء ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے ساتھ میچ ٹائی ہونے کے بعد جنوبی افریقہ فائنل میں نہ پہنچ سکی، 2007ء ورلڈ کپ میں بھی جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست ہوئی جبکہ 2015ء ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا۔