وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کی امیدوار ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ملاقات، نامزدگی کیلئے حمایت پر وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا

93

اسلام آباد ۔ 06 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کیلئے امیدوار ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی اور ان کی نامزدگی کیلئے حمایت پر وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کے ایگزیکٹو بورڈ نے ووٹ کے ذریعے انہیں حتمی تین امیدواروں میں شامل کرلیا ہے جن کے نام ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ کے لئے ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے۔ نئے ڈائریکٹر جنرل کےلئے ووٹنگ مئی 2017ءمیں ہوگی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ایچ او کے عہدے کیلئے انتخاب کے حتمی مرحلے میں پہنچنے پرمبارکباد دی اورکہا کہ اس سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان وزیراعظم کے فیصلے کی روشنی میں ڈاکٹر ثانیہ نشترکو مکمل حمایت اورتعاون فراہم کرے گی۔