پی ٹی ڈی سی پاکستان کو ایشیا کے پانچ اعلیٰ سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کیلئے موثراقدامات اٹھا رہی ہے،پی ٹی ڈی سی عہدیدار

143
پی ٹی ڈی سی پاکستان کو ایشیا کے پانچ اعلیٰ سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کیلئے موثراقدامات اٹھا رہی ہے،پی ٹی ڈی سی عہدیدار

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)نے سیاحت کی صنعت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک کے قدرتی مناظر، تاریخ، ثقافت اور آثار قدیمہ کے مقامات کی مارکیٹنگ کرکے سیاحوں کو سہولیات فراہم کی ہیں۔

اے پی پی سے بات کرتے ہوئے پی ٹی ڈی سی کے عہدیدار نے کہا کہ کارپوریشن علاقائی اور بین الاقوامی رجحانات اور پیشرفت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحت کے شعبے کو پائیدار اور قابل قبول انداز میں قومی ترجیح کے طور پر ترقی دینے کے وژن کے مطابق موثر انداز میں کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی پاکستان کو ایشیا کے پانچ اعلیٰ سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کے لیے ملک کو ایک سیاح دوست مقام کے طور پر پیش کر رہی ہے اور سیاحتی شو اور نمائشوں کے ذریعے اندرون و بیرون ملک سیاحتی مقامات کی مارکیٹنگ کر رہی ہے تاکہ آمدنی حاصل ہو سکےکیونکہ سیاحت کا شعبہ قومی خزانے میں بھی بہت زیادہ حصہ ڈال رہا ہے۔

پی ٹی ڈی سی کے عہدیدار نے کہا کہ نجی شعبے کو سیاحت کے فروغ اور ترقی دینے میں فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، مختلف ہوائی اڈوں پر ٹورسٹ انفارمیشن سینٹرز (ٹی آئی سی) قائم کئے ہیں تاکہ غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں لوگ سیرتفریح کیلئے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کا رخ کرتے ہیں اسلئے پی ٹی ڈی سی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت کے مختلف پارکوں میں صفائی کی موثر مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ سیاحوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔