
اسلام آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں افغان مہاجرین کی واپسی اور انتخابی اصلاحات سمیت ایجنڈے کے متعدد اہم نکات زیر غور آئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس میں 33 نکاتی ایجنڈے میں احتساب کمیشن ‘ ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کے لئے قائم کابینہ کمیٹی کی رپورٹ ‘گردے ‘ جگر ‘کینسر ‘ بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت مختلف مہلک امراض کا شکار غریب اور مستحق شہریوں کے علاج کے علاوہ ملک بھر میں 500 سو ‘ ڈھائی سو اور 100بستروں کے ہسپتالوں کی تعمیر اور ہیلتھ انفراسٹکچر اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے قیام کے معاملات بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور بنگلہ دیش کے برآمدی ترقی کے بیورو کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت ‘ پاکستان اور روس کے درمیان روس کے فوجی اہلکاروں کی پاکستان کے فوجی تربیتی اداروں میں تربیت کے معاہدے کے لئے مذاکرات شروع کرنے اور آڈٹ کے شعبے میں تعاون کے لئے پاکستان اور چین کے درمیان آڈیٹر جنرل آف پاکستان آفس اور چین کے نیشنل آڈٹ آفس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی منظوری بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔