غزہ میں اسرائیلی حملے جاری عارضی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد میں جمعہ تک تاخیر

92
Gaza

تل ابیب ۔23نومبر (اے پی پی):غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد میں جمعہ تک تاخیر ہو گئی ہے ۔

انڈیپنڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام نے جمعرات کو کہا کہ چار روزہ جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کا جمعہ تک آغاز نہیں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق عارضی جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود غزہ میں جاری جنگ میں تعطل دکھائی نہیں دیا۔ اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشیر زاکی حنیگبی نے عندیہ دیا کہ حماس کی جانب سے 50 قیدیوں کی رہائی کا معاہدے اپنی جگہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی اصلی معاہدے کے حساب سے ہی ہوگی اور یہ جمعہ سے پہلے نہیں ہوگی۔

اسرائیلی میڈیا نے نامعلوم عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کے حماس کی جانب سے ممکنہ طور پر رہا کئے جانے والی قیدیوں کے ناموں کی فہرست ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔ایک اور اسرائیلی عہدے دار نے کہا کہ غزہ پر جنگ میں تعطل جمعرات کو نہیں ہوگا، جیسے کہ توقع کی جا رہی تھی۔دریں اثنا اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے آرمی ریڈیو کو بتایا کہ وہ توقع کر رہے ہیں کہ غیر ملکی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت حماس جمعرات کو غزہ سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کر دے گی۔