اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان کی زندگی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے ، مولانا ظفر علی خان جیسی بہاد ر اور حق و سچ پر قائم رہنے والی شخصیات ہمارے قومی ورثے کا عظیم سرمایہ ہیں ، وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما مولانا ظفر علی خان کی 67 ویں برسی کی تقریب سئ خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین راجہ علیم خان عباسی اور نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری فنانس نیئر علی سمیت دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور مولانا ظفر علی خان کو تحریک پاکستان کیلئے شاندار خدمات کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان کی زندگی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے کیونکہ وہ مظلوم کی آواز بنے اور ہمیشہ جابر کے آگے کلمہ حق بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان جیسی بہاد ر اور حق و سچ پر قائم رہنے والی شخصیات ہمارے قومی ورثے کا عظیم سرمایہ ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کو ان کی قدر و منزلت سے بہتر طور پر آگاہ کیا جائے تا کہ وہ بھی انہی اصولوں پر کاربند رہ کر ملک و قوم کی خدمت کریں جن کا عملی مظاہرہ ہمیں مولانا ظفر علی خان کی زندگی میں نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی قائدین مل کو ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تا کہ پاکستان خطے کی ایک مضبوط معیشت بن کر ابھر سکے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا ظفر علی خان نے تحریک آزادی میں قائدانہ کردار ادا کیا اور بطور ایک ممتاز صحافی و شاعر اپنے قلم کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں تحریک آزادی کا جذبہ بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نکلنے کیلئے مولانا ظفر علی خان جیسی شخصیات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی بہتر رہنمائی کی ضرورت ہے تا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کا مستقبل روشن بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکٹرانک میڈیا میں سیاسی موضوعات کے علاوہ معیشت کو بہتر کرنے، برآمدات میں اضافہ کرنے اور کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کے بارے میں بھی بحث ہونی چاہئے جس سے ملک کے معاشی مسائل کو حل کرنے کی طرف مثبت پیشرفت ہو گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا ظفر علی خان جیسے ہیروز کو ہمیشہ یار رکھا جائے گا، تاریخ ہمیشہ ان لوگوں کو یاد رکھتی ہے جو جبر کے آگے ڈٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی میں شامل بزرگوں کی خدمات ہمارے لئے روشن مثال ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے تحریک پاکستان کیلئے مولانا ظفر علی خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی، وکلاء اور صحافی برادری اس ملک کے اہم سٹیک ہولڈرز ہیں ،ضرورت اس بات کی ہے کہ سب مل کر پاکستان کی معیشت کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔
اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین راجہ علیم خان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا ظفر علی خان بابائے صحافت اور ایک دلیر لیڈر تھے جنہوں نے صحافت کو کبھی بطور پیشہ نہیں اپنایا، بلکہ ایک مقصد کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اور وکلا اپنے ضمیر کو جوابدہ ہوتے ہیں ،دونوں شعبوں کو مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہئے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کو ملک کے تاریخی ہیروز سے بہتر طور پر روشناس کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان مسلم لیگ کے بانی اراکین میں سے تھے اور اپنی اعلیٰ صحافتی صلاحیتوں کی وجہ سے انہوں نے زمیندار اخبار کو چند سالوں میں برصغیر کا مقبول ترین اخبار بنا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم کو جن مشکلات کا سامنا ہے ہمیں مولانا ظفر علی خان جیسے لیڈروں کی اشد ضرورت ہے جو قوم میں وہی جذبہ بیدار کر سکیں جس کا مظاہرہ تحریک پاکستان کی جدوجہد میں کیا گیا تھا۔اس موقع پر نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری فنانس نیئر علی اوراسلام آباد چیمبر کی لیٹریسی کمیٹی کی کنوینر افراز سیال نے بھی خطاب کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414783