21.6 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کو...

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کو ہنگامی مشق کا انعقاد کرے گی

- Advertisement -

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر (کل)جمعرات کو وسیع پیمانے پر ہنگامی مشق کا انعقاد کرے گی۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق یہ مشق ہر دو سال بعد انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے معیارات اور سفارش کردہ طریقوں کے مطابق کی جاتی ہے۔

اس مشق کا مقصد سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کرائسز اینڈ ایمرجنسی رسپانس پلان (سی ای آر پی) کی عملی تیاری کا جائزہ لینا ہے خاص طور پر پی سی اے اے کے داخلی شعبوں اور بیرونی ہنگامی خدمات کے مربوط ردعمل کی کوششوں کا اندازہ لگانا اور اسے مضبوط بنانا ہے۔

- Advertisement -

ترجمان کے مطابق اس مشق کا بنیادی مقصد شریک محکموں کے درمیان رابطے کو یقینی اور بہتر بنانا ہے تاکہ وہ ایئرپورٹ پر طیارے کے کسی حادثہ یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار رہیں۔ ترجمان کے مطابق اس مشق میں مختلف محکموں کے شرکا شامل ہوں گے جن میں پی سی اے اے کی ہنگامی ٹیمیں، بیرونی فائر اور ریسکیو خدمات، ہسپتالوں کے طبی عملے، ایمبولینس خدمات اور مختلف سکیورٹی ایجنسیاں شامل ہیں۔

حقیقی ہنگامی صورتحال کی نقل کرنے کیلئے مشق کے دوران ایک طیارہ استعمال کیا جائے گا۔ اس مشق میں آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشنز کی انجام دہی اور فرضی زخمی مسافروں کی نقل و حمل اور دیکھ بھال شامل ہو گی۔ اس مشق سے کسی بھی پرواز کے شیڈول یا آپریشنز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415159

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں