27.1 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںسپیکر قومی اسمبلی کا جمہوریت کی بحالی اور فروغ کیلئے شہید محترمہ...

سپیکر قومی اسمبلی کا جمہوریت کی بحالی اور فروغ کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی جدوجہد کو خراج تحسین پیش

- Advertisement -

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لیے محترمہ بینظیر بھٹوشہید کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی پہلی خاتون وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھانے کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دسمبر 1988 میں پاکستانی عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنی حقیقی نمائندہ جماعت کے طور اقتدار سونپا تھا اور2 دسمبر 1988 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے طور پر عہدے کا حلف اٹھایاتھا، انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لیے جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اورکہاکہ 2 دسمبر 1988 کا دن ایک یادگار دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھال اور ملک میں جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لیے لازوال قربانیاں دیں، انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے بانیان نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے قید و بند کی طویل صعوبتیں برداشت کیں،شہید محترمہ بینظیر بھٹو زیرک اور بالغ النظر سیاستدان تھیں، بینظیر بھٹو نے مشکل وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی اورانہوں نے کروڑوں عوام کی محبوب لیڈر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اورپارٹی نے ہمیشہ عوامی طاقت کے بل بوتے پر اقتدار حاصل کیا ہے، پیپلزپارٹی عوام کی رائے کا احترام کرتی ہے، راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کسی بھی معاشرے میں موثر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415855

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں