پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں سندھی ثقافتی دن کی پرجوش اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

180
Sindhi Cultural Day
Sindhi Cultural Day

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):سورمیوں، ایک ثقافتی تنظیم نے سندھ کے ثقافتی محکمے اور ٹاکوری کے اشتراک سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) میں سندھی ثقافتی دن کی ایک پرجوش اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا۔ 3 دسمبر 2023 کو منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد سندھی ثقافت کو فروغ دینا، ثقافتی ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور متنوع پس منظر اور شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بااختیار بنانا تھا۔پروگرام کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کی۔

مہمانانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشريات مرتضی سولنگی کی موجودگی نے سندھی ثقافتی پروگرام کے وقار میں اضافہ کیا۔ تقریب کا موضوع ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے، گلوبل وارمنگ کے خطرات کو کم کرنے میں خواتین کے کردار اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا ۔ پروگرام کی خاص بات سورمیوں کے گانے کی پرفارمنس تھی، جس نے اسلام آباد میں کام کرنے والے سورمیوں کے جذبوں کو خوبصورتی سے سمیٹ لیا۔

جشن کے دوران ثقافتی تفہیم اور اتحاد کی اہمیت کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ثقافتی ہم آہنگی، امن، موسمیاتی تبدیلی میں خواتین کے کردار اور خواتین کو بااختیار بنانے کے ذریعے صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے سندھی ثقافت کے تنوع کو ظاہر کرنے والے ٹیبلوز کے ساتھ ساتھ پینل مباحثے بھی منعقد کیے گئے۔سورمیوں کے بانی، گلناز شیخ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ایک روزہ پروگرام سے آگے ہے، اس پروگرام کا مقصد صرف تفریح مہیا کرنا نہیں بلکہ سندھ کی سرزمین کا پیغام لوگوں تک پہچانا ہے اور ہم شاہ لطیف کے سورمیوں ہونے کے ناطے خواتین کو بااختیار بنا کر ثقافتی اقدار کے اندر ثقافتی تنوع، محبت، امن اور صنفی مساوات کے بنیادی پیغام کو پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ سورمیوں ایک ایسے معاشرے کا تصور کرتے ہیں جہاں انتہا پسندی کے لیے کوئی جگہ نہ ہو لیکن ثقافتی تنوع پنپتا ہو اور منایا جاتا ہو اور آج کی تقریب ان نظریات کو فروغ دینے کے لیے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔تقریب میں تمام برادریوں کے لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا اور اس پروگرام نے نہ صرف متحرک سندھی ثقافت کی نمائش کی بلکہ متنوع برادریوں کے درمیان افہام و تفہیم اور اتحاد کو فروغ دینے میں ثقافتی تبادلے کی طاقت کی یاد دہانی کے طور پر بھی کام کیا۔

سورمیوں ایسے پروگراموں جو معاشرے میں ثقافتی تنوع، امن و محبت، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے میں معاون ہوں کو مستقبل میں جاری رکھنے اور اپنا پیغام عام کرنے کے لیے پرجوش دکھائی دیں ۔ سندھی ثقافتی دن کا جشن ایک ایسے مستقبل کے لیے امید کی کرن کا کام کرتا ہے جہاں ثقافتی تنوع کو اپنایا جاتا ہے، اور خواتین کو اپنی مکمل صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے لیے بااختیار بنایا جاتا ہے۔