ایچ ای سی کا نئے شامل ہونے والے فیکلٹی ممبران کے لئے تربیتی پروگرام اختتام پذیر

125
HEC
HEC

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نئے شامل ہونے والے فیکلٹی ممبران کے لئے ان سروس نیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے گروپ کا اہتمام کیا۔ تربیتی پروگرام میں وفاقی دارالحکومت راولپنڈی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پبلک سیکٹر کے اعلی تعلیمی اداروں سے 22 فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن محمد فیصل بٹ بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر مختار احمد نے تین ہفتوں پر محیط پروگرام میں شرکاء کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ملک کی ترقی میں اساتذہ کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معلم ہونا سب سے زیادہ فائدہ مند پیشوں میں سے ایک ہے،استاد کسی شخص کی زندگی میں تبدیلی لا سکتا ہے ،یہ سب سے بہترین صدقہ ہے جو ایک مسلمان اور ایک انسان کے طور پر انجام دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کی اہمیت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ ایک استاد کی جتنی بہتر تربیت کی جائے گی وہ قوم کی کل کی نسل کو اتنا ہی بہتر تعلیم دے سکتا ہے۔ محمد فیصل بٹ نے تربیتی پروگرام کی کامیابی سے تکمیل پر شرکاء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ان فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگراموں کے اہداف نئے فیکلٹی ممبران کو حکمت عملی اور ٹولز سے آراستہ کرنا ہیں تاکہ چیلنجوں پر قابو پایا جا سکے اور طلباء میں تنقیدی سوچ اور عملی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے جس کا جاب مارکیٹ اور معاشرے کی طرف سے مطالبہ کیا جاتا ہے۔