اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹیو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ بجلی واجبات کی بروقت وصولی اہم ترین ذمی داری ہے اور بجلی صرف ان صارفین کو ملے گی جو بروقت بل ادا کریں گے۔
آئیسکو کی اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک، جہلم ، چکوال میں نادہندگان کے خلاف بجلی واجبات کی وصولی کے لئے بھرپور مہم جاری ہے ۔ ترجمان آئیسکوراجہ عاصم نذیر نے پیر کے روز تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لئے آئیسکو ریکوری ٹیمیں مکمل متحرک ہیں اور ستمبر سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 48 ہزار 619 نادہندگان سے 86 کروڑ سے زائد واجبات وصول کیے جا چکے ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ 34 ہزار 509 رننگ ڈیفالٹرز سے 45 کروڑ 62 لاکھ کی ریکوری کی گئی جبکہ 14 ہزار 110 ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 41 کروڑ 26 لاکھ واجبات وصول کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بل اور واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین کے میٹرز اور ٹرانسفارمرز اتار لئے گئے۔ترجمان نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کو پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے، صارفین بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور میڑز کٹنے کی زحمت سے بچیں اور بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
ترجمان آئیسکو نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کوحکومت پاکستان وزارت توانائی ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے۔آئیسکو بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔