پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا رنگارنگ افتتاح

84

دبئی ۔ 09 فروری (اے پی پی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کا رنگ رنگ افتتاحی تقریب سے آغاز ہو گیا، صحرا میں روشیوں کی برسات ہوئی ، رقص و موسیقی سے شائقین جھوم اٹھے، پانچوں ٹیموں کا استقبال آفیشل سانگ سے کیا گیا، مشہور گلوکار علی ظفر، شہزاد روئے اور شیگی نے پرفارمنس سے شائقین کو خوب لطف اندوز کیا، پی سی بی چیئرمین شہریار خان، چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ نہیان بن مبارک النہیان سمیت کئی سابق کرکٹرز بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ جمعرات کو پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا پاکستان کے قومی ترانے سے آغاز ہوا، میوزک اور فلائنگ ڈرمرز کی پرفارمنس نے دلوں کو چھو لیا، اس کے بعد مختلف گیتوں اور رقص سے ملکی ثقافت کو اجاگر کیا گیا، پانچوں ٹیموں کا استقبال آفیشل سانگ سے کیا گیا، سب سے پہلے پی ایس ایل کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ، دوسرے نمبر پر کراچی کنگز، تیسرے نمبر پر لاہور قلندر، چوتھے نمبر پر پشاور زلمی اور پانچویں نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مارچ پاسٹ کیا، لیزر شو اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جمیکن گلوکار شیگی جبکہ پاکستان کے شہزاد روئے اور علی ظفر نے اپنی پرفارمنس سے شائقین جھوم اٹھے اور خوب بھنگڑے ڈالے۔ مصباح الحق ٹرافی سٹیج پر پہنچائی تو پانچوں کپتانوں نے ایک ساتھ ٹرافی اٹھائی اور بعدازاں بلے آٹو گراف بھی دیئے۔