سیکرٹری اوقاف پنجاب کادربار حضرت بابا نولکھ ہزاری کا دورہ، ناقص مواد کے استعمال پرانکوائری کا حکم
لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے دربار حضرت بابا نولکھ ہزاری کا دورہ کیا اور دربار کی نامکمل ترقیاتی سکیم کے جائزہ کے دوران ناقص مواد کے استعمال اور منظور شدہ سکیم کے برعکس تعمیرات پربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،کرپشن پر زیرو ٹالرینس ہے، محکمانہ تعمیر و ترقی کے لیے شفافیت، دیانت اور میرٹ کو اپنا نا لازم ہے۔اس موقع پر منیجراوقاف شاہد ارسلان، ایس ڈی او اوقاف رائو عمران و دیگر بھی موجود تھے۔دورے کے دوران دربار شریف پر موجودزائرین نے ترقیاتی سکیم کی بابت نقشہ سے ہٹ کر تعمیر اور ناقص مواد کے استعمال کی شکایت کی جس پر سیکرٹری اوقاف نوٹس لیتے ہوئے سب ڈویژنل آفیسر داتا درباروجاہت علی کو ابتدائی انکوائری کا حکم دیا اور ترقیاتی سکیم کا ریکارڈ اور موقع ملاحظہ کرتے ہوئے7دن میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق درگاہوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک جامع حکمت عملی و ضع کر لی گئی ہے جس کے ذریعہ صوبہ بھر کے اہم اور قدیمی مزارات کو ان کے اصل طرز تعمیر کے مطابق بحال کیاجارہا ہے جن میں زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، مزارات مقدسہ کو حقیقی معنوں میں علمی و دینی مراکز کے طور پر معتبر بنا نا اولین ترجیح اور ناپسندیدہ اور غیر معیاری امور کا تدارک کیا جائے گا۔