پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے قوانین کی خلاف ورزی پر پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک کروڑ سے زائد کے چالان ٹکٹ جاری کئے،ترجمان

231
Punjab Transport Company

لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے انفورسمنٹ ونگ نے نومبر کے مہینہ میں لاہور میں قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالی 18ہزار کے قریب متفرق پبلک ٹرانسپورٹ کو تقر یبا ً1کروڑ 2لاکھ 67 ہزار روپے کے چالان کئے۔

ترجمان کے مطابق سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کا بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور سموگی وہیکلز کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے جبکہ بغیر لائسنس اور کم عمر پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی جانب سے دھواں دینے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے شہر میں داخلے پر پابندی بھی عائد ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ نومبر میں پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی انفورسمنٹ ونگ نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ممنوعہ اور غیر محفوظ ایندھن کا استعمال کرنے والی 5010گاڑیوں کے خلاف مختلف قانونی کاروائیاں کیں،2399دھواں دینے والی گاڑیوں کا چالان جبکہ خطرناک حد تک فضائی آلودگی کا سبب بننے والی 433گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا، بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی 1813مختلف کیٹیگریز کی پبلک ٹرانسپورٹ کو چالان ٹکٹ اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے چلنے والی 2005گاڑیوں کو جرمانے بھی کئے گئے ، بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور رجسٹریشن چلنے والے 9922غیر قانونی موٹر سائیکل رکشوں کو بھی چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی فائق احمد کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بس و ویگن اڈوں پر ٹرانسپورٹرز کو باقاعدہ آگاہی بھی دی جارہی ہے ،معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 1611سے زائد پبلک ٹرانسپورٹ کو وارننگ بھی دی گئیں ہیں،چالانوں کا مقصد مسافروں کی فلاح کیلئے پبلک ٹرانسپورٹرز کو پابند کرنا ہے تاکہ وہ بہترین اور محفوظ سفری سہولیات کو یقینی بنائیں اور قانون کی پاسداری کریں۔انہوں نے کہا کہ سموگی پبلک ٹرانسپورٹ کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جا رہی، فضا کو آلودہ کرنے والی وہیکلز خطرناک بیماریوں کا سبب بن رہی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی انفورسمنٹ ونگ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔