لاہور کی ہدایت پر ٹیپا اور ایل ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، درجنوں املاک سربمہر، تجاوزات مسمار

170

لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹیموں نے مین بلیوارڈ گارڈن ٹائون کے اطراف میں نا جائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔مین بلیوارڈ ،گارڈن ٹائون اور برکت مارکیٹ کے اطراف درجن سے زائد املاک سر بمہر جبکہ دو درجن سے زائد تجاوزات مسمار کر دی گئیں،

آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد نجی دفاتر، پلازے،نجی بینک، مارکی، رستوران کو پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سربمہر کیا گیا، ٹیموں نے 25کے قریب پلازے اور دفاتر کے باہر سے پارکنگ ایریا سے تجاوزات کو ختم کیا۔ترجمان کے مطابق5گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں مین بلیوارڈ گارڈن ٹائون پر قائم ایشیا سنٹر، ابراہیم سنٹر، سالار سنٹر، القادر پلازہ و دیگر کے پارکنگ ایریاز سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، کمرشل پلازوں کی بیسمنٹ اور پارکنگ کیلئے مختص جگہ پر بنائے گئے دفاتر، کیفے و دیگر تجاوزات بھی مسمارکر دی گئیں۔

بعدازاں ٹیپا اور ٹائون پلاننگ ونگ ایل ڈی اے ٹیموں نے محمود قصوری روڈ گلبرگ کے اطراف میں مشترکہ آپریشن کرکے متعدد املاک سیل و تجاوزات کا خاتمہ کیا،3 گھنٹے سے جاری آپریشن میں محمود قصوری روڈ گلبرگ اور اطراف کی سٹرکوں پر کمرشل املاک سے تجاوزات ہٹا دی گئیں،معروف کافی شاپ، فوڈ چین، ریستوران، شاپنگ مالز، ہوٹلز و دیگر کے پارکنگ ایریا زسے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جبکہ ہوٹلز، ریستوران اور کیفے شاپس کے پارکنگ ایریا میں بنی تجاوزات مسمار کر دی گئیں۔

کمشنر لاہور کی ہدایت پرشہر بھر میں ایل ڈی اے اور ٹیپا کا پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔آپریشن میں ڈائریکٹر پارکنگ اینڈانفورسمنٹ ٹیپا، ڈائریکٹر پی ایچ ایس، ٹائوون پلاننگ، انفورسمنٹ ونگ اور ٹیپا افسران نے شرکت کی۔