پنجاب سوشل سکیورٹی کے زیر اہتمام ورکرز کو حج پر بھجوانے کیلئے سالانہ قرعہ اندازی تقریب کا انعقاد

160
Hajj

لاہور۔8دسمبر (اے پی پی):پنجاب سوشل سکیورٹی (پیسی) ہیڈآفس میں ورکرز کو حج پر بھجوانے کیلئے سالانہ قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی نادیہ ثاقب نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔وائس کمشنر (پیسی) ذوالفقار علی، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر سہیل عزیز اور ڈائریکٹر جنرل ہیڈکوارٹر اظہر مہناس، ڈائریکٹر ایڈمن خواجہ وقار احمد و دیگر پرنسپل آفیسر ہیڈآفس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قرعہ اندازی کے ذریعے حج پر جانے والے 10خوش نصیب ورکرزکا چناؤ کیا گیا۔کامیاب خوش نصیبوں میں بہاولپور ڈویژن سے رانا افتخار علی طارق، ڈی جی خان ڈویژن سے محمد افضل، فیصل آباد ڈویژن سے ذوالفقار احمد،گوجرانوالہ ڈویژن سے محمد فضیل، گجرات ڈویژن سے محمد ارشد، لاہور ڈویژن سے ملک محمد ملک اعوان، ملتان ڈویژن سے عبدالرحمان، راولپنڈی ڈویژن سے عبدالعزیز، سرگودھا ڈویژن سے اللہ دتہ، ساہیوال ڈویژن سے محمد اکرم حج بیت اللہ کی سعاد ت حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں شامل ہیں۔خوش نصیب ورکرز آئندہ سال حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

کمشنر سوشل سکیورٹی نادیہ ثاقب نے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے خوش نصیب ورکرز کو مبارک باد دی۔کمشنر سوشل سکیورٹی نادیہ ثاقب نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کی تمام ڈویژن میں سے1176 درخواستیں موصول ہوئیں۔میرٹ پر آنے والی درخواستوں کو قرعہ اندازی کے لئے شامل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حج بیت اللہ کے لئے منتخب ہونے والے خوش نصیب ورکرز کے تمام اخراجات ادارہ برداشت کرے گا۔