گورنر پنجاب سے پاکستانی سفیر سمیع ملک کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

184
گورنر پنجاب

لاہور۔10دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے مراکش میں تعینات پاکستان کے سفیر سمیع ملک نے گورنر ہائولاہور میں ملاقات کی،

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے مراکش میں پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے سفیر سمیع ملک کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے مابین خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مراکش میں تعینات پاکستانی سفیر سمیع ملک ان تعلقات کو مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم ، تجارت اور سیاحت میں نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔، اس سے پاکستان اور مراکش کے مابین تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری میں سہولیات دینے کے لیے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، مراکش کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

انہوں نے پاکستانی سفیر سمیع ملک سے ویزہ کے حصول میں مشکلات اور تاخیر کے مسئلہ کو حل کرنے کے حوالے سے بھی بات کی۔ مراکش میں تعینات پاکستانی سفیر نے اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سمیع ملک نے کہا کہ وہ پاکستان اور مراکش کے درمیان سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور مراکش کے درمیان تعلیم، تجارت اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔