اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے اور سیاسی گرما گرمی انتخابات کے بروقت ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
اتوار کو نجی ٹی وی چینل ”آج نیوز“ کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابی شیڈول الیکشن کمیشن نے جاری کرنا ہے جبکہ آئین اور قانون کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 54 دن دیئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے۔ کچھ لوگ سوالات اٹھا رہے ہیں، عدالتوں نے سب کو انصاف دیا ہے۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کی جمہوری تاریخ میں بہت سی حکومتیں اپنا وقت پورا نہیں کر سکیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کیس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں بعد کیس سماعت کے لئے مقرر ہوا ہے، ہم سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں۔
پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین کے ٹویٹ کے حوالے سے ایک سوال پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے ٹویٹ سے طالبان حکومت اور ٹی ٹی پی کے لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے اور آئندہ انتخابات میں ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں ان کی جماعت کو دوسری جماعتوں کے مقابلے میں زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے، اگر ایسا ہے تو یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے دور میں ان کے اپنے قومی سلامتی کے مشیر باقاعدہ پریس کانفرنس کر کے کہتے تھے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ملک واپس جانا ہوگا۔
پبلک براڈ کاسٹرز سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پبلک براڈ کاسٹرز پبلک سپورٹ سے چلتے ہیں، یہ عوامی خدمت کے ادارے ہیں، ان میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک براڈ کاسٹرز کی نجکاری کی افواہیں بے بنیاد ہیں، ایسا کوئی امکان نہیں کہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کی نجکاری ہو۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات میں اب کافی بہتری آئی ہے، چین ہمارا سٹریٹجک پارٹنر ہے، اس کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔