ہرارے۔12دسمبر (اے پی پی):زمبابوے نے آئرلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا ، مستقل کپتان کریگ اروائن کی انجری کے باعث سکندر رضا ٹیم کی قیادت کریں گے، سکواڈ میں سات ایسے کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے جو رواں سال جون سے جولائی کے دوران آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کھیلنے والی ٹیم کا حصہ نہیں تھے، فراز اکرم ڈیبیو کریں گے۔ کپتان کریگ اروائن سمیت سین ولیمز اور بریڈ ایوانز انجری مسائل کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ٹنڈائی چتارا، ویسلے مدھیویرے اور مارومانی کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
تین ون ڈے پر مشتمل انٹرنیشنل سیریز 13 سے 17 دسمبر تک ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلی جائے گی۔ زمبابوین ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر میں ٹاپ ٹو پوزیشن حاصل کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے وہ نہ صرف بھارت میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی بلکہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے بھی باہر ہوگئی ہے۔
آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے زمبابوین سکواڈ میں کپتان سکندر رضا، فراز اکرم، ریان برل، تناکا چیوانگا، جوئے لارڈ گمبی، لیوک جونگوے، انوسنٹ کایا، کائٹانو، کمنہوکاموے، کلائیو مداندے، ولنگٹن مسداکڈزا، برینڈن ماووتا، ٹونی منیونگا، بلیسنگ موزاربانی، رچرڈ نگاراوا اور ملٹن شمبا شامل ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419235