لاہور۔13دسمبر (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا۔
فل بینچ کی سربراہی جسٹس مس عالیہ نیلم کریں گی۔ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل ہیں ۔فل بینچ 18 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ جسٹس عالیہ نیلم نے ابتدائی سماعت کرتے ہوئے اس کیس کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کو چیلنج کررکھا ہے۔
عمران خان نے عدالت میں موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی میں جیل ٹرائل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف سائفر اور القادر ٹرسٹ سے متعلق کیسز کا جیل ٹرائل کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے۔