فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 1380کلو تیار مصالحہ، 750 کلو لہسن پاؤڈر سمیت2 گرائنڈنگ مشینیں ضبط

158

فیصل آباد ۔ 19 دسمبر (اے پی پی):جعلساز مافیا کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے،فوڈ سیفٹی ٹیم نے فاروق اعظم ٹاؤن میں واقع مصالحہ جات بنانے والے یونٹ پر چھاپہ مارکر1380کلو تیار مصالحہ، 350 کلومکئی بھو سہ، 750 کلو لہسن پاؤڈر سمیت 2 مکسنگ مشینیں،2 گرائنڈنگ مشینیں ضبط کرلیں۔60 کلو تیار ملاوٹی مرچیں سمیت ممنوعہ رنگ تلف کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا۔موقع پر کئے گئے ٹیسٹ میں ملاوٹ ثابت ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ مصالحہ جات کو غیر معیاری ممنوعہ رنگوں اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ سے تیار کیا گیا تھا۔مصالحہ جات پنجاب فوڈ اتھارٹی سٹینڈرز کے مطابق نہ ہونے پر مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ دریں اثنا ضلعی انتظامیہ نے میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز 4شادی ہالز سیل کرادیئے۔انسپکشن ٹیموں نے مجموعی طور پر92 شادی ہالز میں ون ڈش اور وقت کی پابندی پر عملدرآمد کو چیک اور خلاف ورزی پر ایکشن لیا۔

میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پراب تک228خلاف ورزیوں پر شادی ہالز مالکان کو ایک کروڑ64لاکھ98 ہزار روپے جرمانہ کیا جاچکا ہے۔علاوہ ازیں 79 شادی ہالز سیل،کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والے58 کیٹررز کے خلاف مقدمات درج اور22 کو موقع سے گرفتار کراکر حوالہ پولیس کیا گیا۔