لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):قومی ترانے کے خالق ابوالاثر حفیظ جالندھری کی 41ویں برسی(کل)21دسمبر کو انتہائی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی ،اس دن کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا ،جن میں مقررین حفیظ جالندھری کی ادبی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔
ابوالاثر حفیظ جالندھری 14جنوری 1900 کو بھارت کے علاقہ جالندھر میں پیدا ہوئے آزادی کے بعد انہوں نے لاہور کی جانب نقل مکانی کی۔حفیظ جالندھر ی معروف شاعر اور نثر نگار تھے ،ان کی شاعری مذہبی ،حب الوطنی اور لوک گیتوں پر مشتمل تھی ۔ انہوں نے پاکستان کا قومی ترانہ تخلیق کر کے شہرت حاصل کی۔حفیظ جالندھری کو تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے نوازا جا چکا ہے۔ حفیظ جالندھری 21 دسمبر 1982 کو 82برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔