پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آٹھویں سی پیک میڈیا فورم سے مقررین کا خطاب

155
پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آٹھویں سی پیک میڈیا فورم سے مقررین کا خطاب

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ نے چائنا اکنامک نیٹ اور عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانہ کے تعاون سے اسلام آباد میں آٹھویں سی پیک میڈیا فورم کا انعقاد کیا جس میں شرکاء و مقررین نے بیجنگ اور یونیورسٹی آف گوادر سے بھی ورچول طور پر شرکت کی ،فورم سے نگران وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی ، پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر ژانگ زیڈونگ ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید، اکنامک ڈیلی کے صدر اور ایڈیٹر ان چیف ژینگ چنگ ڈونگ، چائنا اکنامک نیٹ کے صدر کیوئی جون، چائنا جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری وو سو، چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، سینئر صحافی حامد میر اور نجی ٹی وی چینل کی اینکر شفا یوسفزئی نے خطاب کیا ۔

اپنے افتتاحی کلمات میں پاک چائنا انسٹی ٹیوٹ ( پی سی آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نےسی پیک میڈیا فورم کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک تعاون کا دائرہ کارمحض بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے بڑھ کر عوامی روابط تک پہنچا ہے، انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے شہری دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستی کے حقیقی نگہبان ہیں،

انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) ممالک کی سبز ترقی میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کو ایک تاریخ ساز لمحہ قرار دیا اور کورونا وبا کے بعد کے عالمی نظام اور سبز ترقی دونوں میں چین کی قیادت پر روشنی ڈالی اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات کے ذریعے پیش کردہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

اس موقع پر صدر چائنا اکنامک نیٹ کے صدرنے آٹھویں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) میڈیا فورم سے متعلق چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کا تہنیتی پیغام پیش کیاجس میں نائب وزیر سن ویڈونگ نے فورم کے کامیاب انعقاد پر شرکاء کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔ دوطرفہ تعلقات کی پائیدار نوعیت کا احاطہ کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین سدا بہار شراکت دار ہیں اور سی پیک کے ایک دہائی کا کامیاب اختتام دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کا ثبوت ہے۔

نائب وزیر سن نے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے دوران حاصل ہونے والی اہم پیش رفت پر روشنی ڈالی جہاں دونوں ممالک نے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کے ذریعے اپنے تعاون کو مستحکم کیا ہے۔ مزید برآں، انہوں نے سی پیک پر معروضی رپورٹنگ کو یقینی بنانے میں میڈیا کے اہم کردار اور ان کی اہم ذمہ داری پر زور دیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے اس موقع پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو 21ویں صدی کا ایک اہم ترقیاتی اور سفارتی اقدام قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کی طرف سے عالمی سطح پر 3000 بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) منصوبوں میں 1 ٹریلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور چین نے40 ملین سے زیادہ لوگوں کو غربت سے نکال کر ان کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کئے ہیں۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نےامید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج اور ثمرات آنے ابھی باقی ہیں۔

پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر ژانگ زیڈونگ نےچین کی معیشت کی مسلسل پیشرفت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کے بنیادی مفادات کے تحفظ کے لیے چین کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے گوادر کو 10,000 سولر یونٹس کی آئندہ فراہمی کا اعلان کیا، جو خطے میں پائیدار ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو اجاگر کیا۔ سی پیک میڈیا فورم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سفیر پاکستانی ہاشمی نے عوامی روابط پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے ہٹ کر جامع شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔اکنامک ڈیلی کے صدر اور چیف ایڈیٹر ژینگ چنگ ڈونگ نے "چین پاکستان اقتصادی راہداری” کے آغاز کی دسویں سالگرہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر زور دیا۔

عالمی منظر نامے کے چیلنجوں کو تسلیم کرتے ہوئےانہوں نے ترقی کے مواقع کا احاطہ کرنے اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ ژینگ نے چین اور پاکستان کے درمیان منفرد رشتے کی اہمیت پر زور دیا۔چائنا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری وو سو نے کہا کہ راہداری کے تحفظ میں چین اور پاکستان کے درمیان دس سالہ تعاون کے انفراسٹرکچر، توانائی، زراعت کے شعبوں میں شاندار نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے غلط خبروں کے تدارک اور ایک مثبت ماحول پیدا کرنے کے لیے میڈیا کے تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

وو سو نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ سماجی پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھا ئے اور چین و پاکستان کے تعاون کو اجاگرکریں ۔گوانگ منگ ڈیلی کےانٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر یو شیاؤ کیوئی نے راہداری کی دہائی پر محیط کامیابی اور چین پاکستان دوستی کو مضبوط بنانے میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے غلط خبروں کے اثرات کو ختم کرنے میں میڈیا کے کردار پر زور دیتے ہوئے حکمت عملیوں کی تجویز پیش کی۔چائنا میڈیا گروپ اسلام آباد سٹوڈیو کے ڈائریکٹر ڈو جیاننگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی معیاری ترقی کے لیے تعاون پر زور دیا۔

انہوں نے میڈیا کے تعاون، شفافیت اور درست معلومات کی ترسیل، خاص طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے، ساکھ اور اثر و رسوخ کو بڑھانے کی اہمیت بیان کی ۔ جیاننگ نے سی پیک کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک کے میڈیا پروفیشنلز کی کوششوں پر بھی اظہار خیال کیا ، مصطفیٰ حیدر سیدنےفورم کا مشترکہ بیان پیش کیا جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کو آگے بڑھانے کے لیے دہائیوں پر محیط تعاون پر مبنی کوششوں پر اظہار تشکر کیا گیا،شرکاء نے پائیدار ترقی کے اصولوں، باہمی احترام اور اعلیٰ معیار کے سی پیک کی ترقی کے عزم پر زور دیا، جس سے پاکستان کے مستقبل میں امید پیدا ہوئی۔ فورم نے سماجی فائدے کے لیے جامع اور شفاف ترقی پر زور دیتے ہوئے غلط خبروں کے خاتمہ، تعاون کو برقرار رکھنے اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس فورم کے دوران سینیٹر مشاہد حسین سید نے "پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کا تصور” کے عنوان سے رپورٹ کی باضابطہ رونمائی کی۔

پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آٹھویں سی پیک میڈیا فورم سے مقررین کا خطاب

رپورٹ میں سی پیک کے حوالے سے پاکستانی عوام کے نقطہ نظر سے متعلق حقائق پر مبنی معلومات کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے ریسرچ ایسوسی ایٹ محمد عمر فاروق نے بھی خطاب کیا، فورم میں یونیورسٹی آف گوادر، میڈیا، سول سوسائٹی، پارلیمنٹ اور تعلیمی اداروں کے طلباء پر مشتمل تقریباً 200 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر اے پی پی کے رپورٹر ضیاء الامین، انٹر نیوز پاکستان کے چائناڈیسک کے ایڈیٹر محمد ضمیر اسدی اور دی نیشن کے رپورٹر فواد یوسفزئی سمیت مختلف صحافیوں کو گولڈن سی پیک ایوارڈ دیا گیا۔