گلگت ۔20دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ سکالر شپ میں امتیازی نمبروں کے حامل طالب علموں کے ساتھ ساتھ مستحق طالب علموں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہ اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہیں، گورنمنٹ کالجز میں بہتر تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے کالجز کے لیکچررز کی ٹریننگ کیلئے کالج فیکلٹی ٹریننگ کو وسعت دی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائر ایجوکیشن کی جانب سے دی جانے والی محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ سکردو میں ایک گرلز کالج ہونے کی وجہ سے طالبات کا رش بہت زیادہ ہے اور کئی طالبات کو کالج میں داخلہ نہیں ملتا ہے جس کومدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سال اے ڈی پی میں سکردو میں گرلز ڈگری کالج کا منصوبہ رکھا جائے گا جبکہ گرلز کالج کی حالت زار کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انجینئرنگ، میڈیکل سمیت دیگر یونیورسٹیوں میں سیٹوں کی تقسیم اوپن میرٹ پر ہوتی ہے ، اس میں مناسب نمائندگی کیلئے کوٹہ نئی مردم شماری کے تحت آبادی کی بنیاد پر کیا جاری کیا جائے گا
تاکہ تمام اضلاع کے طالب علموں کو یکساں اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل تعلیم کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے پولی ٹیکنیکل کالج کو فعال بنایا جائے گا، تمام اضلاع میں جدید ٹیکنیکل سنٹرز کے قیام کو بھی یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان میں ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے قیام کیلئے محکمے کو سفارشات تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سپیشل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہم اپنے خصوصی بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے بھرپور وسائل فراہم کریں گے۔ سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں دیگر اضلاع سے آنے والے خصوصی بچوں کی تعلیم کیلئے ہاسٹل کی دستیابی لازمی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے نیب آفس کو کسی اور بلڈنگ میں منتقل کیا جائے گا اور سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے ہاسٹل کو خصوصی بچوں کی رہائش کیلئے دستیابی یقینی بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چلاس اور غذر میں سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کو فعال بنانے کیلئے ایس پی ایس کے تحت اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ گلگت میں قائم این سی اے کالج میں طالب علموں کے داخلے کیلئے گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے متوازن کوٹہ مختص کرنے کیلئے رابطہ کیا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے طالب علموں کو این سی اے میں بہتر تعلیم کے مواقع میسر ہوسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری ہایئرایجوکیشن کو ہدایت کی کہ چند دور افتادہ علاقوں کے کالجوں کو فعال بنانے کیلئے ایس پی ایس کے تحت درکار سٹاف کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ ان دور دراز علاقوں کے طالب علموں کو بھی اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہوں۔