اے این ایف کا صنعتی کیمیکلز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف بڑا آپریشن، 10 ملزمان گرفتار، 394 ٹن کیمیکل برآمد

106

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے صنعتی کیمیکلز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف 8 کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتارکرکے 394ٹن کیمیکل برآمد کر لئے ہیں۔ اےاین ایف کے ترجمان کے مطابق مذکورہ مہم کا آغاز منشیات سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ قومی و عسکری قیادت کی سربراہی میں پاکستان کے معاشی اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے انسداد سمگلنگ کی جامع مہم جاری ہے۔

کنٹرولڈ کیمیکل کا صنعتی استعمال ملکی پیداوار، ٹیکس آمدنی اور قومی خزانے میں اضافہ کرتا ہے، تاہم صنعت میں استعمال ہونے والے کیمیائی مواد کا غیر قانونی استعمال ایک مستقل خطرہ ہے۔ اے این ایف نے کنٹرولڈ کیمیکلز استعمال کرنے والی کمپنیوں کی 2 سے 3 ماہ تک نگرانی کی۔ کمپنیوں کا لائسنس کی آڑ میں کیمیکلز کی درآمد کے غلط استعمال کی نشاندہی ہوئی۔ اے این ایف نے کیمیکلز کی چوری میں ملوث کمپنیوں کے خلاف 8 کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں میں 394 ٹن کنٹرولڈ کیمیکلز قبضے میں لے لیا۔

کمپنیوں کی جانب سے این او سی کوٹہ کا غلط استعمال قومی وسائل کے ضیاع کا سبب ہیں۔ سب سے تشویش ناک امر بین الاقوامی سطح پر ملکی وقار کا ممکنہ نقصان ہے۔انسداد سمگلنگ کی جاری مہم ملک کے معاشی مفادات کے تحفظ میں اہم قدم کی عکاسی کرتی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے مقابلے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی طرف سے کوششوں کی ضرورت ہے۔