مظفرگڑھ۔ 21 دسمبر (اے پی پی):مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں نہر میں شگاف پڑنے سے وسیع علاقہ زیر آب آگیا۔محکمہ آبپاشی،محکمہ مال،ریسکیو 1122 اور بلدیہ کے عملہ نے بروقت شگاف بند کر دیا۔ریسکیو 1122 کنٹرول روم کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں راشد منہاس اسکول کے قریب بہاول کینال می 7 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی مقامی آبادی میں داخل ہو گیا،کشف کمپلیس سے گورنمنٹ ہائی اسکول تک کا وسیع علاقہ زیر آب آ گیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کنٹرول روم مظفر گڑھ نے فوری طور پر قریبی ریسکیو اسٹیشن علی پور سے ریسکیو ٹیم کو روانہ کروا دیا اور پولیس کنٹرول، ایریگیشن کنٹرول اور DOC کنٹرول کو بھی انفارم کردیا۔اطلاع ملنے پر تحصیلدار علی پور نے محکمہ آبپاشی کے عملہ،محکمہ مال کے عملہ اور بلدیہ کے عملہ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر بہاول نہر میں پڑنے والے شگاف کو نہر پرانڑ یاکی والا کے مقام پر بند کر دیا ہے۔