اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے رواں ماہ بھارت کے ہندو یاتریوں کو پنجاب میں کٹاس راج مندر کے دورے اور شادانی دربار حیات پتافی، سندھ میں سالانہ تقریبات میں شرکت کے لیے 166 ویزے جاری کیے۔
جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے رواں ماہ بابا گرو نانک کے 554 ویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پر بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتریوں کو 25 نومبر سے 4 دسمبر تک پاکستان آنے کے لیے ویزے بھی جاری کیے۔
ترجمان نے کہا کہ 1974 کے مذہبی مقامات کے دوروں کے متعلق پاک بھارت پروٹوکول کے تحت پاکستان ہر سال مختلف مذہبی تہواروں اور مواقع میں شرکت کے لیے بھارت سے ہزاروں سکھ اور ہندو یاتریوں کو پاکستان میں خیرمقدم اور سہولت فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کے ویزوں کا اجراء پاکستان کے مذہبی مقامات کے دوروں کو آسان بنانے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کے مطابق ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس سال پاکستان آنے والے بھارتی زائرین کو 6824 ویزے جاری کیے گئے۔