پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 15ہزار لٹر مضر صحت دودھ ،800 خراب انڈے تلف کر دئیے

128
Punjab Food Authority

ڈیرہ غازی خان۔ 21 دسمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 15ہزار لٹر مضر صحت دودھ اور 800 خراب انڈے تلف کر دئیے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن فوڈ ٹیم ٹیموں کی کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران کھڈ بزدار ڈی جی خان میں دودھ بردار گاڑی پکڑ لی۔ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی،یوریا اور فارمالین کی ملاوٹ پائی گئی۔ملاوٹ ثابت ہونے پر 15ہزار لٹر دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا،غیر معیاری دودھ کوٹ ادو سے پشاور سپلائی کیا جا رہا تھا۔

اس کے علاوہ چناب پل مظفرگڑھ میں گاڑی کو چیک کیا گیا توگاڑی میں ٹوٹے،بدبودار انڈوں کی موجودگی پائی گئی،انڈوں کو مختلف بیکریوں پر سپلائی کیا جانا تھا اور ان خراب انڈوں سے بسکٹ اور رس تیار کیے جانے تھے،فوڈ سیفٹی ٹیم نے 800سے زائد خراب انڈے تلف کر دیئے ۔

اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی مزید سخت کر دی گئی ہے اور عوام ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کر کے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں۔