پشاور۔ 21 دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ریٹائرڈ) ارشد حسین شاہ کی ذاتی دلچسپی پرنوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے ”Skilling youth ” کے نام سے پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے پشاورمیں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت خیبر پختونخوا کے نگران وزیرکھیل،
امورنوجوانان اورسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ نے کی جبکہ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ہاؤسنگ ظفراللہ خان عمرزئی، وائس چانسلر پرسٹن انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ، سائس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کراچی ڈاکٹر محمد علی، ڈائریکٹر جنرل سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا ساجد حسین شاہ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی،
اجلاس میں پاکستانی طلباء کوسکالرشپ کی بنیاد پرمختلف سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیئے چین اوردوسرے ممالک میں بیجھوانے کے لئے ان ممالک کی ضرورتوں اورمعیار کے مطابق ہنرمند بنانے اورایسے مواقع پیدا کرنے جن سے نوجوان فائدہ اٹھا سکیں پرتفصیلی گفتگو ہوئی،
واضح رہے کہ سکلنگ یوتھ پروگرام کے ذریعے خیبر پختونخوا سے تقریبا پانچ لاکھ نوجوانوں کا ہدف ہے جنہیں سکالرشپ کی بنیاد پرچین اوردوسرے ممالک کو بجھوایا جائیگا جہاں وہ مختلف ہنر سیکھیں گے، نگران صوبائی وزیرڈاکٹر نجیب اللہ اورنگران معاون خصوصی ظفراللہ خان عمرزئی نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سکلنگ یوتھ پروگرام کو سراہا اورکہا کہ اس اقدام سے صوبے کے نوجوانوں کو چین سمیت دیگرممالک میں مختلف ہنرسکھانے کے مواقع میسر آئیں گے،
انہوں نے کہا کہ موجودہ دورمیں سائنس و ٹیکنالوجی کا کردار اہمیت کا حامل ہے اورمعیشت کی بہتری کے لیے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام موجودہ وقت کا تقاضہ ہے جس سے کافی حد تک بیروزگاری اورغربت کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔