کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعیدکا قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر خراج عقیدت

214
Salut Saeed
Salut Saeed

فیصل آباد۔ 25 دسمبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر بانی پاکستان کی لازوال خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قائداعظم ایک عہد ساز شخصیت تھے جنکی بصیرت افروز قیادت میں تحریک آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور ایک آزاد،خود مختار ملک پاکستان معرض وجود میں آیا۔کمشنر فیصل آباد نے جدوجہد آزادی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے عظیم کارناموں اور زریں اصولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ان کے فرمودات پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک عظیم قوم بننے کے لئے ہمیں قائد اعظم کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہئے۔اس ضمن میں ہر فرد صدق دل و خلوص نیت سے اپنے حصے کا کردار ادا کرے اور پاکستان سے متعلق قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کے لئے بھرپور محنت اور دیانتداری سے فرائض دئیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو دو قومی نظریہ سے روشناس رکھنا اشد ضروری ہے تاکہ آزادی کی قدر کرتے ہوئے حصول پاکستان کے مقاصد پورے کرنے کے عزم میں کمی نہ آئے۔یوم قائد اعظم مناتے ہوئے ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے کہ بانی پاکستان کے فرمودات ایمان، اتحاد اورتنظیم کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔