کمشنر راولپنڈی کا شہرکا دورہ، بہترین صفائی پر چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی اور آپریشن سٹاف کو شاباش دی

187
Commissioner Rawalpindi
Commissioner Rawalpindi

راولپنڈی۔3جنوری (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے علی الصبح چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ثاقب رفیق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا ساجد صفدر کے ہمراہ شہرکا دورہ کیا اور یونین کونسل 42 ملت کالونی یو سی 43ڈھوک کھبہ اور یو سی 44ڈھوک فرمان علی میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔کمشنر نے شہر میں بہترین صفائی پر چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی اور آپریشن سٹاف کو شاباش دی۔

یو سی ویسٹ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات میں علاقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔کمیٹی نمائندگان نے بھی صفائی ورکرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اچھا کام کر رہی ہے۔کمشنر نے کہا کہ آر ڈبلیو ایم سی کی صفائی قابل تعریف ہے اور یہ اپنا کام بہترین طریقے سے کر رہے ہیں جس کے باعث شہر میں صفائی کے حوالے سے شکایات بہت کم ہیں۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کو زیرو ویسٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے اور سموگ کے خاتمے کے خاتمے بھی روڈ واشنگ ،مینوئل سوئیپنگ اور ویسٹ لفٹنگ کا کام باقاعدگی سے کیا جائے تاکہ شہر میں کوئی گردو غبار نہ ہو اور ویسٹ کنٹینرز اور دیگر جگہوں پر پڑا کوڑاکرکٹ کوئی جلا نہ سکے ۔

چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی ان یو سیز کے آپریشن سٹاف کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرد موسم میں اتنی صبح بھی یہاں کی صفائی اور چونے کا چھڑکائو اچھا تاثر دے رہا ہے۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے پرعزم ورکرز صفائی کے لئے کوشاں ہیں۔سرد ،گرم موسم اور دیگر کوئی رکاوٹ انہیں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے سے روک نہیں سکتی ۔سی ای او رانا ساجد صفدر نے کام کی تعریف کرنے پر کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں نئے عزم کے ساتھ شہر کی صفائی کے لئے مصروف عمل ہیں۔ سموگ کے خاتمے کے لئے سڑکوں کی دھلائی کا کام جاری ہے۔روزانہ کی بنیاد پر ویسٹ کنٹینرز کو خالی کر کے واش کرتے ہیں جبکہ کہیں بھی کوڑا کرکٹ رہنے نہیں دیتے تاکہ کوئی اسے جلا نہ سکے ۔

اس سرد موسم اور شدید دھند میں بھی ہمارے ورکرز علی الصبح اپنے اپنے مقامات پر پہنچ کر صفائی کرتے ہیں۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔راولپنڈی کو زیرو یسٹ اور سموگ فری سٹی بناکر دم لیں گے۔