وزیراعلی ٰپنجاب نے پنجاب بار کونسل کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 5کروڑ روپے گرانٹ کا چیک دیا

143
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi

لاہور۔12جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج پنجاب بار کونسل کی نئی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور پنجاب بار کونسل کے لئے 5کروڑ روپے گرانٹ کا چیک بھی دیا۔ سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون، سابق وفاقی وزیر، اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین پنجاب بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی آصف شہزاد، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کا پنجاب بار کونسل پہنچنے پر وکلا نے خیر مقدم کیا اور پھول پیش کئے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب بار کونسل کی نئی بلڈنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بار کونسل کی نئی بلڈنگ احسان نہیں ہے بلکہ وکلا کا حق ہے اور حکومت حق دینے کی پابند ہے۔جہاں سے بھی وکلا برادری سے تعاون کی درخواست آتی ہے،ہم بلا تشہیر تعاون کرتے ہیں اور بار کونسلز کی مالی معاونت بھی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تین ماہ کیلئے وکلا کی ڈگری کی تصدیق مفت ہو گی او راس ضمن میں کل ہی کارروائی شروع کردیں گے۔آئندہ 90دنوں کیلئے وکلا بغیر فیس کے ڈگری کی تصدیق کرا سکتے ہیں۔راولپنڈی بار کونسل کے ہسپتال کیلئے 2کروڑ روپے کا چیک وکلا برادری جب چاہیں لے لے۔ وکلا برادری کی درخواست پر فین روڈ کی کارپٹنگ جلد کر دی جائے گی۔وکلا برادری نے نالے کو ڈھانپنے کیلئے کہا ہے اس کا جلد حل نکالیں گے۔

سی ٹی او لاہورکو تقریب میں بلایا ہے اور وہ آج ہی وکلا سے ملاقات کرکے ٹریفک کے مسائل حل کرائیں گی۔کسی بھی قسم کی ہاسنگ سوسائٹی پر الیکشن کمیشن نے پابندی عائد کی ہے۔وکلا کے مختلف وفود ہاسنگ سو سائٹیز کے بارے میں کہہ چکے ہیں لیکن یہ وقت کم ہونے کی وجہ سے ممکن نہیں۔

پنجاب بار کونسل میں وکلا کو علاج معالجے کی سہولت کیلئے ڈاکٹرز کی کل ہی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔حکومت کے آخری دن تک وکلا بھائیوں کی خدمت کیلئے حاضر ہوں۔جو ممکن ہوا ہم وکلا برادری کیلئے کریں گے،جلد راولپنڈی میں وکلا کیلئے ہسپتال بنا کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری معاشرے کا اہم حصہ ہیں او ر میرے دل کے قریب ہیں۔

وکلا برادری کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بار کونسل سے ملحقہ پلاٹ پر عمارت کی تعمیر کا اعلان کیا تھا،آج وعدہ پورا کر دیا ہے۔وکلا برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا میرا فرض ہے۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل بشارت اللہ خان،سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسکیوشن اور پنجاب بار کونسل کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

C