ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

108

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند/سموگ چھائے رہے گی۔ خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہا جبکہ پنجاب، بالائی سندھ اورخیبر پختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند/سمو گ کی لپیٹ میں رہے۔

ہفتہ کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق اسکردو میں درجہ حرارت منفی7، لہہ منفی 6، گوپس منفی 5، کالام منفی 4، گلگت، ہنزہ اوراستور میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔ شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔ شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔