تھانہ جمرود پولیس کی کارروائی، گھر میں قائم فیکٹری سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد

75
Drug smugglers
Drug smugglers

پشاور۔ 15 جنوری (اے پی پی):تھانہ جمرود پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئےگھر میں قائم کی گئی فیکٹری سے بھاری مقدار میں منشیات برآمدکرلی ۔

ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی نے تھانہ جمرود میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تھانہ جمرود پولیس نے خفیہ اطلاع پر تھانہ جمرود کے ایس ایچ او نفیس خان اور اسسٹنٹ انچارج تختہ بیگ چیک پوسٹ بخت منیر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نےجمرود خرکی آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر میں قائم منشیات کی فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں سے 70 کلو اعلی کوالٹی کی ہیروئن اور 10 کلو کیمیکل برآمد کرلیا، تاہم ملزمان پہلے ہی فرار ہوگئے جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،اس دوران گزشتہ روز لنڈی کوتل اور باڑہ میں بھی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ڈی پی او خیبر نے کہاکہ علاقے کو منشیات اور منشیات فروشوں سے پاک کرکے ہی دم لیں گے ۔